5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کوئٹہ میں نماز جمعہ کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . لاہور بم دھماکوں کے بعدکوئٹہ میں نماز جمعہ کے لئے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی جبکہ شہر کی مساجد ، اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کے گیارہ سو اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔سی سی پی او کوئٹہ شبیر شیخ نے جیونیوز کو بتایا کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح کوئٹہ میں بھی مساجد اور امام بارگاہوں کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں موجود مزاروں پر سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران نمازیوں کو تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جائے گی جبکہ واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے ہیں ۔پولیس کے علاوہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر فرنٹئیر کور کا گشت معمول کے مطابق جاری ہے ۔نماز جمعہ کے دوران مختلف علاقوں میں موجود مساجد و امام بارگاہوں کے قریب سے گزرنے والی شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا جائے گا ۔سی سی پی او کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے شہر میں سیکیورٹی کے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جاسکے۔