تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

عالمی بنک نے دیامر بھاشا ڈیم کے لئے قرض کا اجراء روک دیا

جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کی علاقائی حیثیت کے باعث عالمی بنک نے دیامر بھاشا ڈیم کے لئے قرض دینے سے انکارکردیا ہے۔ ارسا نے کہا ہے کہ پانی کی کمی سے متعلق سندھ کا اعتراض درست نہیں ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس اسلام آباد میں میرحمدان بگٹی کی زیر صدارت ہوا۔ اس میں واپڈا حکام نے بتایا کہ بھارت کے اعتراضات پر عالمی بنک نے دیامربھاشا ڈیم کے لئے قرض کا اجرا روک دیا ہے کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ حکام نے بتایا کہ امن و امان کی خراب صورت حال کے باعث صوبہ خیبر پختونخوا میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر ممکن نہیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ رقوم دینے میں تاخیر کے باعث متاثرین منگلا ڈیم کو ادائیگی کا تخمینہ 27 ارب سے بڑھ کر 58 ارب ہوگیا ہے اور متاثرین کی آباد کاری تک ڈیم کی توسیع کا تعمیراتی کام کرنا ممکن نہیں۔قائم مقام چیئرمین ارسا شفقت رسول نے کمیٹی کو بتایا کہ پانی فراہمی میں کمی سے متعلق سندھ کا اعتراض بلاجواز ہے۔ اسے خریف کے لئے یومیہ ایک لاکھ 90 ہزار کیوسک پانی مل رہا ہے جبکہ پنجاب کو ایک لاکھ چالیس ہزار کیوسک دیا جارہا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.