5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پنجاب حکومت دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرے، میاں افتخار
جنگ نیوز -
پشاور . . . وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی کرے اور عدلیہ دہشت گردوں کو کم سے کم پھانسی کی سزا دے۔وہ پشاور میں سیفما کے سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ دھماکے کرنے والوں کے جرم مان لینے کے باوجود انہیں رہا کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عدالت دہشت گردوں کے خلاف از خود نوٹس لے اور انہیں کم از کم موت کی سزائیں سنائے۔ میاں افتخار کے مطابق خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے حکومت اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی تھی اب دہشت گرد اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ امریکا پاکستان اور افغانستان کو مل بیٹھ کر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگوں نے سیاسی حکمت عملی کے ذریعے دہشت گردوں کو شکست دی ہے۔