تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

سانحہ لاہور،تاجر برادری کا دو روزہ شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

جنگ نیوز -
لاہور . . . لاہور میں گزشتہ روز داتا دربار میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تاجر برادری نے ٹائر جلا کراحتجاج کیا اور دو روزہ شٹرڈاون ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں شاہ عا لم مارکیٹ اور فرنیچر مارکیٹ کے تاجروں نے داتا دربار میں ہونے والے بم دھماکوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ پوری امت مسلمہ کے لیے نہایت افسوس ناک ہے ۔ انھوں نے دو روز تک مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت حملوں مین ملوث ملزمان کو گرفتار نہ کر سکی تو ان کا یہ پر امن احتجاج ایسی تحریک کی شکل اختیار کر لے گا جس میں وہ اپنی جان کی بازی لگانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ اور اس چیز کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔ داتادربار میں دھماکوں کے خلاف لاہورکے تاجر برادری نے سوگ میں اپنی دکانیں بند رکھی ہیں۔قومی تاجر اتحاد نے تین روزہ سوگ جبکہ ہفتہ کے روز بھی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ شاہ عالم مارکیٹ میں تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔گذشتہ رات ہونے والے خود کش دھماکوں میں وسیع پیمانے پر ہلاکتوں کے خلاف تاجروں کی مختلف تنظیموں نے سوگ اور ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ قومی تاجر اتحاد کے جنرل سیکریٹری نذیر چوہان کے مطابق تاجر برادری تین روزہ سوگ منائے گی اور آج اور کل بھی دکانیں بند رکھیں گے۔تاجران گلبرگ بورڈ کے صدر کلیم ملک نے بھی ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور گلبرگ میں موجود تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں سوگ میں بند ہیں۔ دوسری طرف مسلم لیگ ن لاہورنے بھی تاجر برادری سے سوگ میں تجارتی مراکز بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.