5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
لعابِ دہن کے نمونے سے بون میرو باآسانی ملائے جاسکیں گے
جنگ نیوز -
لندن . . . سی ایم ڈی . . . برطانیہ کے چیریٹی ٹرسٹ نے ایک ایسا آسان طریقہ کار ایجاد کیا ہے جس میں لعابِ دہن کے نمونے کے عام ٹیسٹ سے ایک جیسے ٹشوز والے بون میرو باآسانی ملائے جاسکیں گے۔اس طریقہ کار کے تحت لوگوں کو ٹیوبز والیSalivaکٹس فراہم کردی جاتی ہیں جن میں وہ اپنے لعابِ دہن کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیتے ہیں۔ان لعابِ دہن کے نمونوں کو ٹیسٹ کرکے اس کے ذریعے ان کے ہڈی کے گودوں کے ٹشوز کی شناخت ریکارڈ کرلی جاتی ہے۔اس طریقہ کار کے لیے نمونہ دینے والے شخص کو چند شرائط پر اترنا لازمی ہے جن میں18سے40سال عمرکا ہونا ،50کلو گرام سے زائد وزن اور مکمل صحتمند ہونا سب سے ضروری ہے۔بون میرو یعنی ہڈیوں کا گودا انسانی جسم میں خلیوں کی پیداوار و افزائش کا کام کرتا ہے اور خون کے کینسر جیسی مہلک بیماری سمیت کئی بیماریوں کے طریقہِ علاج میں بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ بون میرو تلاش کرنے کے روایتی طریقہِ کار کے تحت خون کے نمونے لیے جاتے ہیں جسکے لیے تمام ٹیسٹ کروانے افراد کو بذاتِ خود ڈاکٹر کے پاس جانا پڑتا ہے لیکن اس طریقہ کار کے تحت ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔