5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا
جنگ نیوز -
کراچی . . . ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور محکمہ داخلہ نے تمام عبادت گاہوں کے حفاظتی اقدامات کو سخت کرنے کی ہدایت جاری کی ہے جب کہ شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر ذوالفقار مرزانے سندھ پولیس کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے سیکورٹی کے فرائض انتہائی مستعدی سے انجام دیئے جانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایس پیز اور ڈی ایس پیز رینک افسران سرکاری موبائلوں پر اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔حساس علاقوں میں اسنیپ چیکنگ ،پولیس گشت اور پکٹنگ اور تمام پارکنگ ایریاز کی سیکورٹی کو مزید سخت کیا جائے،جبکہ پولیس کوجاری احکامات میں شہر میں واقع معروف درگاہوں کے اطراف سیکیورٹی کے اقدامات سخت کردیے گئے ہیں۔ کراچی پولیس چیف وسیم احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلفٹن عبداللہ شاہ غازی مزار، منگھوپیر مزار اور دیگر ہجوم والے مزارات پر پولیس کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی اور پولیس اہلکاروں کو مشکوک چیزوں اور مشتبہ افراد پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پولیس کو رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔جبکہ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد نے آج سندھ بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی ہے اور تمام اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔