5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
داتادربارپر خودکش حملہ: متحدہ کی جانب سے کل پرامن یوم سوگ منایاجائے گا
جنگ نیوز -
کراچی…لاہورمیں گزشتہ روزحضرت شیخ علی ہجویری المعروف حضرت داتاگنج بخش کے مزارپر خودکش حملوں کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کل بروزہفتہ ملک بھرمیں پرامن یوم سوگ منایاجائے گا۔اس بات کافیصلہ آج رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے مشترکہ ہنگامی اجلاس میں کیاگیا۔اجلاس میں داتادربار پر خودکش حملوں اوراس مقدس مقام کومعصوم وبے گناہ لوگوں کے خون سے نہلانے کے شرمناک واقعہ کی پرذورالفاظ میں مذمت کی گئی اوراس کوایک بڑاقومی سانحہ قرار دیاگیا۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ داتادربارصدیوں سے برصغیرمیں مسلمانوں کیلئے احترام ،عقیدت اورروحانیت کامرکزہے جہاں آکرلوگ اللہ تعالیٰ کی عبادت اوراولیائے کرام سے اپنی عقیدت کااظہارکرتے ہیں اورگزشتہ روزجس طرح اس مقدس مزارکودہشت گردی کانشانہ بنایاگیااورزائرین کے خون سے ہولی کھیلی گئی اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیاکہ داتادربارپر دہشت گردی اورخودکش حملوں کے خلاف کل بروزہفتہ پورے ملک میں پرامن یوم سوگ منایاجائے گا، سانحہ کے سوگ میں عمارتوں پرسیاہ بینرز اورپرچم لہرائے جائیں گے اوردہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے درجنوں زائرین کے ایصال ثواب کیلئے ملک بھرمیں ایم کیوایم کے زیراہتمام قرآن خوانی اورفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقدکئے جائیں گے۔ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کی بھرپورتوثیق کی ہے اورتمام اعتدال پسندعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ داتادربارپرخودکش حملوں کو انتہائی شرمناک اورمذموم عمل سمجھتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت اورسوگ کے اظہارکیلئے اپنی دکانوں عمارتوں پرسیاہ پرچم لہرائیں اورشہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اورفاتحہ خوانی کریں۔