5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
حکومت پرفارم نہ کرے تو مڈٹرم الیکشن جمہوری راستہ ہے ،چوہدری نثار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قائد حزب اختلاف چودھری نثارعلی خان نے کہاہے کہ موجودہ حکومت پانچ سال پورے کرتی دکھائی نہیں دیتی، اسلام آباد میں میڈیاکے نمائندوں سے غیررسمی بات چیت میں ان کاکہناتھاکہ جعلی ڈگری والوں کی حمایت میں کوئی قانون آیا تو مسلم لیگ ن اس کی شدید مخالفت کرے گی ، رکن پارلیمنٹ کی ڈگری کاجعلی ہونااتناسنگین جرم ہے کہ کوئی ذی شعوراس کی حمایت نہیں کرسکتا۔چودھری نثارنے کہاکہ آصف زرداری اپنی تقاریر میں صدارتی مرتبے کا خیال نہیں رکھ سکے ہیں ، مخالفین پر تنقید کرنا ایوان صدر کے شایان شان نہیں، اگرحکومت جمہوریت پر حملے کی بات کرتی ہے تو اس پر عوام کو اعتماد میں کیوں نہیں لیتی ،اور یہ بھی بتایا جائے کہ وکلا میں کروڑوں روپے تقسیم کرنے کیلئے وزارت قانون کے پاس کہاں سے رقم آگئی۔ چودھری نثارنے کہاکہ ضرورت ہوئی تو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا اور عوام کو بھی متحرک کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ حکومت پرفارم نہ کرے تو مڈٹرم کیلئے عوام کے پاس جانا جمہوری راستہ ہے، جس دن مڈٹرم انتخابات کرانے کے مطالبے کا فیصلہ کیا تو اس کا اعلان ڈنکے کی چوٹ پر کیا جائے گا۔