5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
خلیج میکسیکو میں تیل کا رساؤ تاریخ میں اپنی نوعیت کا بدترین حادثہ بن گیا
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... خلیج میکسیکو میں تیل کا رساؤ تاریخ میں اپنی نوعیت کا بدترین حادثہ بن گیا ہے۔ طوفان ایلکس کی وجہ سے اٹھنے والی سمندری لہروں اور تیز ہواؤں سے تیل کی صفائی کی کوششیں متاثر ہورہی ہیں۔ بائیس اپریل کو آئل رِگ کی تباہی کے بعد زیر سمندر کنویں سے تیل بہنا شروع ہوا تھا۔ اندازے کے مطابق روزانہ پینتیس ہزار سے پنسٹھ ہزار بیرل تیل خلیج میکسیکو میں شامل ہورہا ہے۔ جبکہ پانچ لاکھ ستاون ہزار بیرل تیل ضائع ہونے سے بچالیا گیا ہے۔ اس طرح اب تک انیس لاکھ سے چھتیس لاکھ بیرل تیل بہہ چکا ہے۔ اگر اس زیادہ سے زیادہ مقدار کو معیار بنایا جائے تو یہ انیس سو اناسی میں خلیج میکسیکو میں ایسے ہی حادثے میں بہنے والے تینتیس لاکھ بیرل تیل سے تجاوز کرگئی ہے۔ جس پر قابو پانے میں نو ماہ لگے تھے۔ اس طرح موجودہ رساؤ حادثاتی طور پر تیل بہنے کا سب سے بڑا واقعہ بن گیا ہے۔ انیس سو اکانوے میں عراقی فورسز نے جنگی حکمت عملی کے تحت ٹینکرز اور آئل ٹرمینلز تباہ کرکے اور کنوؤں کو آگ لگاکر ساٹھ لاکھ سے اسی لاکھ بیرل تیل ضائع کردیا تھا۔