5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
حکام آئندہ میڈیا کو انٹرویو دینے سے گریز کریں، پینٹاگون کا انتباہ
جنگ نیوز -
واشنگٹن…امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے افغانستان میں تعینات جنرل میک کرسٹل کے انٹرویو سے پیدا ہونے والے تنازع کے بعدفوج کیلئے میڈیا سے تعلقات کے اصول و ضوابط سخت کردیے ہیں۔واشنگٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعے کو محکمہ دفاع کے سینئر فوجی اور سول افسروں کو بھیجی گئی تین صفحات پر مشتمل یادداشت میں وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا کہ انھیں اس امر پر تشویش ہے کہ میڈیا سے تعلقات کے بارے میں حکام ناپختگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ محکمے کی اہم معلومات دوسروں کو فراہم کرنا برداشت نہیں کیا جاسکتا اور ایسے عمل کے مرتکب عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔پینٹاگون کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میڈیا کو انٹرویو دینے یا کسی قسم کا رابطہ کرنے سے پہلے باقاعدہ اجازت حاصل کریں۔