5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
دہشت گردوں کے استاد پنجاب میں ہیں،کارروائی ضروری ہے، میاں افتخار
جنگ نیوز -
پشاور…خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ دہشتگرد پنجاب میں دیوبندی بریلوی کے نام پر دہشتگردی کررہے ہیں تاہم دیوبندی بریلوی ایسی سازشوں میں آئے بغیر دہشت گردوں کے خلاف جہاد کریں۔ پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ دہشت گرد پختون ہیں نہ پنجابی تاہم دہشت گردوں کے مراکز اور استاد پنجاب میں ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ پنجاب کو دہشت گردی پر زیادہ توجہ دینی ہوگی کیونکہ وہاں دیوبندی اور بریلوی کے نام پرکارروائیاں زیادہ خطرناک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے میاں شہباز شریف کو اپنے صوبہ کے حالات کی روشنی میں خطرات سے آگاہ کیا ہے اور وہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں سنجیدہ ہیں۔ اگرتمام صوبے اور ادارے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کریں تو انہیں پناہ کی کوئی جگہ نہیں ملے گی۔ وزیر اطلاعات نے اٹھارویں ترمیم کی رو سے صوبوں کو ملنے والے اختیارات کو انقلاب قراردیا اور کہا کہ اس انقلاب کے ثمرات بعد میں رونما ہونگے ۔