5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بی بی قتل کیس، ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنیکی ہدایت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزمان کے مکمل چالان پیش نہ کرنے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم سے آئندہ سماعت پر چالان میں تاخیر کی وجوہات بتانے کی ہدایت کی ہے ۔راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اکرم اعوان نے بے نظیر قتل کیس میں گرفتار پانچ ملزمان رفاقت، حسنین، شیرزمان، رشید احمد اوراعتزاز شاہ کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل کیا۔ ایف آئی اے حکام کی جانب سے ملزمان کا مکمل چالان پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی گئی۔ مقدمے میں کم عمرملزم اعتزاز شاہ کے وکیل نے اپنے مؤکل کوجیل میں پڑھائی کی سہولت مہیا کئے جانے کی درخواست دائر کی۔ جسے سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فاضل جج نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کر دیا۔ آئندہ سماعت دس جولائی کو ہوگی۔ اسی عدالت میں ممبئی حملہ کیس کی سماعت بھی بغیر کسی کارروائی کے دس جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔