5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جنرل پیٹریاس امریکی واتحادی افواج کی کمان آج سے سنبھالیں گے
جنگ نیوز -
کابل . .. . . . .. جنرل ڈیوڈ پیٹریاس افغانستان میں امریکی اور اتحادی فورسز کے نئے کمانڈر کی حیثیت سے باقاعدہ ذمہ داری آج نیٹو ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ایک تقریب میں سنبھالیں گے۔ گزشتہ روز انہوں نے حکام سے رابطوں کا آغاز کیا اور کابل میں افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات کی۔ کابل میں نیٹو ہیڈکوارٹرز کی تقریب میں پیٹریاس عسکریت پسندوں سے لڑنے والی ایک لاکھ چالیس ہزار امریکی اور اتحادی فوج کی کمان ہاتھوں میں لیں گے۔ تقریب میں نیٹو کی انٹرنیشنل سیکیورٹی اسسٹنس فورس ایساف میں شامل تمام سینتالیس ممالک کی نمائندگی ہوگی۔ اس اجتماع کی صدارت جوائنٹ فورسز کمان کے کمانڈر جنرل Egon Ramms کریں گے۔ پیٹریاس میک کرسٹل کی جگہ نئی ذمہ داری سنبھالنے کیلئے جمعے کو کابل پہنچے تھے۔ انہوں نے اپنی مصروفیات کا آغاز ہفتے کو کابل میں امریکی سفارتخانے میں امریکا کے یوم آزادی کے سلسلے میں ایک استقبالیے میں شرکت کرکے کیا۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے خبردار کیا کہ افغانستان میں مشن سخت ہے۔ جس سے نمٹنے کیلئے اتحاد ضروری ہے۔ جنرل پیٹریاس نے کابل میں صدر کرزئی سے بھی ملاقات کی۔ اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔