5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاک بھارت مذاکرات،مسئلہ کشمیر کو بنیادی حیثیت ملنی چاہیے،واعظ
جنگ نیوز -
سری نگر…پاک بھارت مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کو بنیادی حیثیت ملنی چاہیے۔حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کا اصل موضوع مسئلہ کشمیر ہونا چاہیے، پانی اور سیاچن کے معاملات نہیں۔سری نگر میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہورہی ہے۔ ہم انہیں پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ بات چیت میں پانی، بجلی کے منصوبے اور سیاچن جیسے امور کو ترجیح دینے کے بجائے مسئلہ کشمیر کو اولیت دیں اور کشمیریوں کے قتل عام اور مقبوضہ وادی میں تشدد پر توجہ دیں۔ انہوں نے بھارتی وزیر داخلہ پی چدم برم کے اس بیان کی بھی مذمت کی جس میں انہوں نے لشکر طیبہ کو مقبوضہ کشمیر میں حالیہ کشیدگی کی لہر کا ذمہ دار قرار دیا۔ میرواعظ کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ بھارتی عوام کو حقیقت سے آگاہ کیا جائے اور بتایا جائے کہ کشمیر کو پاکستان کے تناظر میں دیکھنا چھوڑدیں کیونکہ کشمیری عوام کو بھارتی فورسز قتل کر رہی ہیں اور یہ ایک مقامی تحریک ہے۔