5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاکستان کے ایٹمی ری ایکٹر بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہیں،چین
جنگ نیوز -
واشنگٹن…چین نے واضح کردیا ہے کہ پاکستان کو دو نئے ایٹمی ری ایکٹرز کی فروخت بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہے لہٰذا اسے اس کے لیے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کے ترجمان وانگ باؤڈانگ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کی جانب سے پاکستان میں دو نئے ایٹمی ری ایکٹرز کی تعمیر کے معاہدے سے اس کی بین الاقوامی ذمے داریوں کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔انھوں نے امریکی پریس کو بتایا کہ چین اور پاکستان جوہری عدم پھیلاؤ کے بین الاقوامی اصولوں پر کاربند ہیں۔ کارنیگی اینڈونمنٹ فار انٹرنیشنل پیس کے امریکی ماہر مارک ہبس نے چین کے موقف کی تائید کی، تاہم چین کو مشورہ دیا کہ وہ محتاط رہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین کو اس معاہدے پر عملدرآمد سے باز رکھنے کے لیے امریکاکچھ نہیں کرسکتا۔ہیریٹج فاؤنڈیشن کے ڈین چینگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات دیکھتے ہوئے اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ چین معاہدے سے پھر جائے گا۔