5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
گلیشیئر پگھلنے کے باعث عطاآباد جھیل کی سطح پھر بلند ہونا شروع
جنگ نیوز - ہنزہ…ہنزہ میں موسم گرم ہونے کے باعث گلیشئیر پگھلنے میں تیزی آنے کی وجہ سے عطاآباد جھیل کی سطح ایک بار پھر بلند ہونا شروع ہوگئی ہے۔ہنزہ میں پچھلے پانچ دنوں سے خراب موسم اور سرد ہواؤں کی وجہ سے برف کم پگھل رہی تھی جس کے باعث جھیل میں پانی کی آمد بھی کم تھی، تاہم گزشتہ روز سے دھوپ کے باعث گلیشیرپگھلنے کے عمل میں تیزی آگئی ہے جس کی وجہ سے جھیل کی سطح میں گزشتہ بارہ گھنٹوں میں دو انچ کا اضافہ ہوا ہے۔ادھرانتظامیہ کے مطابق اسپل وے سے پانی کے مزید اخراج کو ممکن بنانے کے لئے اسپل وے کو گہرا کرنے کے لئے ماہرین کی مدد حاصل کی جائے گی۔ادھر ہیلی کاپٹرسروس محدود ہونے کے بعد شروع کی جانے والی کشتی سروس میں مسافروں کا رش بڑھتاجارہا ہے جس سے نہ صرف جھیل سے متاثرہ تحصیل گوجال کے لوگوں بلکہ تاجروں سمیت ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرین گوجال اور پاک چین تجارت سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ جھیل میں فیری سروس ،فری بوٹ سروس اور عطاآباد جھیل اور علی آباد کے درمیان فری بس سروس شروع کی جائے۔