5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
رحیم یارخان، شیخ زید اسپتال کے گائنی وارڈ سے نومولود بچہ غائب
جنگ نیوز -
رحیم یار خان…رحیم یارخان شیخ زید اسپتال کے گائنی وارڈ سے نومولود بچہ غائب ھوگیاہے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ اسپتال انتظامیہ واقعہ سے بے خبر رہی۔پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل صادق آباد کے نواحی علاقے بھونگ کی رہائشی مسمات بچی مائی کے ہاں صبح چار بجے آپریشن کے ذریعے بچہ کی پیدائش ھوئی تھی جس کے بعد بچہ کی والدہ کو بچہ سمیت گائنی وارڈ میں شفٹ کردیا گیا۔ ورثا کے مطابق سہ پہر تین بجے ماں اور دادی کی آنکھ لگ گئی اور اس دوران نامعلوم افراد نے نومولود بچے کو اغوا کر لیا۔ جب ماں کی آنکھ کھلی تو بچہ نہ پا کر ماں نے شور مچا دیا۔ اسپتال انتظامیہ نے بچے کے اغوا کی ذمہ داری ورثا پر ڈال دی ہے تاہم ایم ایس شیخ زید اسپتال کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد نے میڈیا کو موقف دینے سے انکار کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ابھی تک بچے کی نشاندہی نہیں ہو سکی ہے ۔