تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

دہشت گردی،چینی فوج کے تجربے سے استفادہ کریں گے،جنرل خضر

جنگ نیوز -
بیجنگ…پاک فوج کے بریگیڈیر جنرل خضر نے کہا ہے کہ مشترکہ جنگی مشقوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چینی فوج کے تجربے سے استفادہ کریں گے۔چینی صوبے ننگ زیا میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور چین کی مشترکہ جنگی مشقیں ہفتے کو شروع ہوئیں جن کا بنیادی مقصد پاکستانی سرحدی علاقے میں روپوش ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ کے عسکریت پسندوں کی سرکوبی کرنا ہے۔جنگی مشقوں کی افتتاحی تقریب سے پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف خالد شمیم وائیں نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی اسپیشل فورسز کے بریگیڈیر جنرل خضر نے کہا کہ چین کی جانب سے مشترکہ جنگی مشقوں سے بہتر نتائج کی توقع ہے اور دونوں ملکوں کی افواج دہشت گردی کے خلاف ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گی۔انہوں نے کہا ہمیں دہشت گردی کیخلاف جنگ کا وسیع تجربہ ہے اور دونوں ملکوں کی افواج دہشت گردی کے خلاف ایک دوسرے کے تجربے سے استفادہ کرسکیں گی ۔چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے بریگیڈیر لی فو ہوا کے مطابق دہشت گردی کیخلاف جنگ میں دونوں فوجیں اپنے تجربات کا تبادلہ کررہی ہیں،اس کے علاوہ ان مشقوں سے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعلقات اور تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔لی فو ہوا نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف اپنے تجربات کا تبادلہ کرنے کے ساتھ دونوں قوموں کے درمیان فوجی تعلقات اور تعاون بڑھائیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مشترکہ صلاحیت میں اضافہ کرینگے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.