5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
داتادربارحملے کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں
جنگ نیوز -
کراچی…سانحہ داتا دربار کے خلاف ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ آج تیسرے روز بھی جاری ہے ۔ ملتان میں مسلم لیگ(ق) کے تحت حسین آگاہی آٹو مارکیٹ میں مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور کہا کہ حکومت دہشت گردی روکنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ ملتان ہی میں تاجروں نے بھی معصوم شاہ روڈ پر مظاہرہ کیا اور داتا دربار خود کش حملوں کی مذمت کی مظاہرین کا کہنا تھا مزاروں پر ایسے حملے اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں ۔ڈیرہ غازی خان میں سنی تحریک نے مرکزی جامع مسجد سے ریلی نکالی ۔ ریلی کے شرکا صدر بازار سے ہوتے ہوئے ٹریفک چوک پہنچے جہاں مظاہرہ کیا گیا ۔رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری اور سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔منڈی بہاؤالدین میں سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی ۔جمعیت علمائے پاکستان اوردیگرمذہبی وسیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے کالج چوک سے ڈائمنڈچوک تک ریلی نکالی۔مقررین کا کہناتھا کہ عوام کے تحفظ کیلئے سب کو اکٹھے ہونا ہو گا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تنظیم علمائے اہلسنت نے ریلی نکالی جبکہ شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہے ۔شورکوٹ میں بھی انجمن تاجران کی اپیل پر کاروباری ادارے اور مارکیٹیں بند ہیں۔سانحہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ شرکا نے تحصیل چوک میں دھرنا بھی دیا۔بلوچستان کے شہر جعفرآباد میں بھی سانحہ داتا دربار کے خلاف مظاہرہ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی ۔ مظاہرین نے سندھ بلوچستان شاہراہ پر دھرنا دیا ۔مقررین نے حکومت سے ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔ کراچی میں سنی تحریک کی جانب سے نکالاگیا لانگ مارچ رات گئے سکرنڈ پہنچا جہاں کارکنوں نے قافلے کااستقبال کیا۔ لانگ مارچ کے شرکا سکرنڈ سے سکھر روانہ ہوگئے ہیں جہاں مرکزی جلسہ منعقد کیاجائے گا۔