5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچوں گا، میراڈونا
جنگ نیوز -
کیپ ٹاؤن… ورلڈ کپ فٹ بال کے کوارٹر فائنل میں شکست سے دو چار ہونے والی ارجنٹائن ٹیم کے کوچ اور عالمی شہرت یافتہ سابق کھلاڑی ڈیگومیراڈونا نے کہا ہے کہ اپ سیٹ شکست کے بعد وہ اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچیں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ وہ جلد ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اپنے عزیزوں اور دوستوں سے مشورہ کرنا چاہتے ہیں اور اس فیصلے میں بہت سے چیزوں کو مدنظر رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ جو بھی کوچ آئے اسے ارجنٹائن فٹ بال ٹیم کے جارحانہ انداز کو برقرار رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ارجنٹائن کے عام لوگوں کی طرح مایوس ہیں، فٹ بال کے میچ میں قومی ٹیم کی شکست برداشت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن میں فٹ بال لوگوں کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور کوئی بھی چار صفر سے شکست برداشت نہیں کرسکتا۔