5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
میلکم اسپیڈ کے بیان پر دکھ ہوا، اعجاز بٹ
جنگ نیوز -
سنگاپور ... پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ ان کو آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر میلکم اسپیڈ کے بیان پر دکھ ہوا ہے تاہم وہ اس معاملے میں کوئی جلد بازی نہیں کریں گے۔سنگا پور میں آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ وہ میلکم اسپیڈ کے بیان کا بغور جائزہ لیں گے اور ضرورت پڑنے پر آئی سی سی سے رابطہ کریں گے۔اعجاز بٹ کہنا تھاکہ سنگا پور میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس کے دوران آئی سی سی کے نومنتخب صدر شرد پوار سے بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔اور وہ جلد ہی پاک بھارت کرکٹ کے حوالے سے قوم کو خوشخبری دیں گے۔ اعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا مورال بلند ہے۔ اعجاز بٹ دو ہفتے سری لنکا میں ایشیا کپ کے میچز دیکھنے اور سنگا پور میں آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعداتوار اور سوموار کی درمیانی شب سنگا پور سے براستہ دبئی وطن واپس پہنچے۔