5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی:دو مقامات پر ڈاکووٴں کا دھاوا،ایک کروڑ سے زائد رقم لوٹ لی گئی
جنگ نیوز -
کراچی . . . کراچی کے دو مختلف علاقوں میں بینک ڈکیتی سمیت ڈکیتی کی دوواراداتوں میں ملزمان 1کروڑ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔پولیس حکام کے مطابق بہادر آباد میں تین ڈاکو نجی بینک میں رقم جمع کرانے کے لئے آنے والے مقامی سیلولر کمپنی کے کیشئر سے بانوے لاکھ روپے چھین کرفرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق مقامی کمپنی کے کشیئر عاصم کا کہنا ہے کہ بینک میں رقم جمع کرا رہا تھا کہ ڈاکو آئے اور اس سے اسلحے کے زور پر بانوے لاکھ روپے چھین لئے۔ پولیس نے بینک میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تفتیش شروع کردی ہے اور واقعہ کا مقدمہ بہادرآباد تھانے میں درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس کاکہناہے کہ تفتیش کے بعد ہی صحیح صورتحال سامنے آئیگی۔ جبکہ ڈکیتی کا دوسرا واقعہ نارتھ ناظم آباد بلاک این میں پیش آیا جب تین مسلح ملزمان نے نجی بینک میں گھس کر بینک گارڈ اور عملے کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنالیا اور بینک میں موجود17لاکھ 4ہزار 6سو روپے لوٹکر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق بینک عملے کا بارہا مطلع کیا گیا تھا کہ سیکورٹی کا مناسب انتظام کیا جائے تاہم کوئی بینک انتظامیہ کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا۔پولیس نے نجی بینک کے سیکورٹی گارڈ اور بینک کے عملے سے تفتیش شروع کردی ہے اور بینک میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کو تحویل میں لے لیا ہے۔