5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
حارث اسٹیل کیس:جسٹس رمدے نے عرفان قادر کو ڈانٹ دیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…حارث اسٹیل ملزقرض کیس کی سماعت کے دوران جب نیب کے پراسیکیوٹر جنرل عرفان قادر نے سپریم کورٹ کے ججز کے رویہ پر اعتراض کیا تو عدالت نے انہیں ڈانٹ دیا، عدالت نے مستقل چیئرمین نیب کے تقرر نہ ہونے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیاہے۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے بینک آف پنجاب سے حارث اسٹیل ملز کو اربوں روپے کے قرض اجرا کے اسکینڈل کیس کی سماعت کی ، پراسیکیوٹر جنرل عرفان قادر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ انہیں اس کیس میں میڈیا کی طرف سے ملزم بناکر پیش کیا جارہا ہے اورجج صاحبان اس کیس میں طے شدہ زاوئیے کے تحت ذہن بناچکے ہیں، عدالت گرفتاری کا حکم نہیں دے سکتی ، ایسا حکم چیئرمین نیب ہی کرسکتا ہے۔ عرفان قادر کی بات پر جسٹس خلیل الرحمن رمدے غصے میں آگئے اور کہا آپ زبان سنبھال کر بات کریں۔ عدالت نے چیئرمین نیب کی سیٹ بدستور خالی ہونے پر اٹارنی جنرل سے 7 جولائی تک رپورٹ طلب کرلی، قرض اسکینڈل کے نئے تحقیقاتی فسرآفتاب سلطان نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقاتی ٹیم کے نام تجویز ہوگئے ہیں اور جلد نوٹیفکیشن جاری کردیا جائیگا، انہوں نے بتایا کہ شیخ افضل سے تفصیلی انٹرویو کیا گیا ہے، معاملہ کافی وسیع ہے اسلئے زیادہ وقت درکار ہوگا۔