تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

ماضی میں ایسے لوگ جج بنائے گئے جن پر قتل کے مقدمات تھے، جسٹس رمدے

جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ میں 18ویں ترمیم کے خلاف دائردرخواستوں کی سماعت میں آج ججز کے ریمارکس میں ججز تقرر پر توجہ مرکوز رہی ۔جسٹس خلیل الرحمان رمدے کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسے جج بھی بنائے گئے جن پر قتل کے مقدمات تھے۔سپریم کورٹ میں درخواستوں کے مقدمہ میں آج ججوں نے ریمارکس میں اور سپریم کورٹ بار کے وکیل حامد خان نے دلائل میں ججز تقرر کے عمل میں مشاورت کے پہلو پر زیادہ توجہ مرکوز رکھی، جسٹس خلیل الرحمن رمدے نے کہا کہ ماضی میں ایسے جج بھی بنادئے گئے جن پر قتل کے مقدمات تھے۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 17رکنی لارجر بنچ نے مقدمے کی سماعت کی۔۔سپریم کورٹ بار کے وکیل حامد خان نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں ججز تقرر کے عمل میں مشاورت کو ختم کردیا گیا ہے جبکہ سپریم کورٹ نے پی سی او ججز کیس میں چیف جسٹس سے مشاورت کو لازمی قرار دیا تھا۔جسٹس شاکراللہ جان نے کہا کہ پرانے طریقہ میں ججز کے تقرر کا عمل انتظامیہ شروع کرتی تھی اس لئے مشاورت رکھی گئی تھی جبکہ نئے طریقہ کار میں تقرر کا عمل عدلیہ ہی شروع کرے گی ۔جسٹس خلیل الرحمن رمدے نے ریمارکس دیے کہ ججز تقرر کے نئے عمل میں چیف جسٹس کی کوئی حیثیت نہیں رہی اور مشاورت کی ڈیڑھ سو سالہ پرانی روایت ختم کردی گئی ہے۔چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ حلف اٹھانے کے باعث ججز معاملات راز میں رکھنے کے پابند ہوتے ہیں، جبکہ جوڈیشل کمیشن میں شامل اٹارنی جنرل نے ایسا حلف نہیں اٹھایا ہوتا ، انہوں نے کہا کہ پارلے مانی نظام مضبوط کرنے کے لئے 31 جولائی کے فیصلہ میں وزیراعظم اور وزیراعلی کو مشاورتی عمل میں شامل رکھا گیا تھا ، چیف جسٹس نے کہا کہ ججوں کے کنڈکٹ سے متعلق انتظامیہ جانچ پڑتال کرتی ہے اور سب کو اس عمل سے نکال دیا گیا تو نظام کیسے چلے گا، یہ معمولی بات نہیں ، جسٹس تصدق جیلانی نے حامدخان سے پوچھا کہ جوڈیشل کمیشن میں اٹارنی جنرل اور وزیرقانون نہ ہوں تو کیا آپ کو قبول ہوگا، حامد خان نے کہا کہ کمیشن ارکان صرف ججز تک محدود ہوں تو پھر اعتراض نہیں ہوگا، جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن میں وزیرقانون، حکومت کے اور اٹارنی جنرل ، صدر کے نمائیندہ ہوں گے اس لئے شاید ان کی سوچ انفرادی نہ ہو۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.