5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سانحے داتا دربار میں گرفتار شخص سے متعلق جامعہ بنوریہ کی وضاحت
جنگ نیوز -
کراچی…جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ کے مہتمم اعلیٰ مفتی نعیم نے کہا ہے کہ لاہور میں داتا دربار کو نشانہ بنانے والے اور گرفتار ہونے والے کسی شخص سے ہمارے مدرسے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔گذشتہ روز سی سی پی او لاہور کی جانب سے پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا تھا کہ لاہور داتا دربار دھماکے میں گرفتار ایک ملزم کا تعلق کراچی کے مدرسے سے ہے،جس کے بعد رابطہ کرنے پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ کے مہتمم اعلیٰ مفتی نعیم نے کہا ہے کہ لاہور داتا دربار دھماکے میں شامل گرفتار ملزمان میں سے کسی کا تعلق بھی جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ سے نہیں ہے،مہتمم اعلی مفتی نعیم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدرسے مین زیرتعلیم تمام طلبا کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہے، اور لاہور دہشت گردی میں ملوث مبینہ دہشت گرد کا تعلق مدرسے سے جوڑنا بے بنیاد ہے،مفتی نعیم کے مطابق مدرسے میں 5 ہزار رہائشی طلبا سمیت دس ہزار طالب علم زیرتعلیم ہیں جن کے مکمل کوائف ہمارے پاس موجود ہیں۔