5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ٹاپ اسکوررز کا ٹکراؤ، جرمنی آج سیمی فائنل میں اسپین کے مقابل
جنگ نیوز -
ڈربن…ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل تین مرتبہ کی عالمی چیمپیئن جرمنی اوراسپین کے درمیان آج ڈربن میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ رات ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوگا۔اسپین کے ڈیوڈ ویلا ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ پانچ گول کرکے سرفہرست ہیں جبکہ جرمنی کے میرو سلاؤکلوزے اور تھامس مولر چار چار گول اسکور کر چکے ہیں۔میچ کو ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکوررز کا ٹکراؤ سمجھا جارہا ہے۔اسپینش فٹ بال ٹیم کے کپتان آئیکر کاسیلاس نے سیمی فائنل میں جرمنی کے ساتھ ٹکراؤ کو سب سے بڑا میچ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ٹائٹل لے کر وطن لوٹنا چاہتی ہے تو اسے نہایت محتاط ہوکر کھیلنا ہوگا۔ ہم چوتھی پوزیشن حاصل کرنے جنوبی افریقا نہیں آئے۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک آخری بار 2008ء میں یورپین چیمپیئنز کے فائنل میں ٹکرائے تھے جو اسپین نے سخت مقابلے کے بعد جیت لیا تھا۔ کاسیلاس نے کہا کہ اب ان کے ذہن میں ورلڈ کپ اور جرمنی کے علاوہ کوئی دوسری بات موجود نہیں۔ ورلڈ چیمپیئن کی حیثیت سے وطن لوٹنا ہم سب کا خواب اور امید ہے تاہم سیمی فائنل جیتنا ہمارا پہلا ہدف ہے۔اسپینش فٹبال ٹیم کے مڈ فیلڈر فیبریگاس پریکٹس کے دوران انجرڈ ہوگئے اور ان کی جرمنی کے خلاف سیمی فائنل کے میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔