5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاک افغان اسمگلنگ سے مقامی پیداوار متاثر ہو رہی ہے،صدر کراچی چیمبر
جنگ نیوز -
کراچی…ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین قائمہ کمیٹی ضیاء الحق سرحدی نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد کے ذریعے تجارتی مال اب ڈیوٹی کی ادائیگی کے بغیر پاکستان نہیں آرہا ہے جبکہ کے سی سی آئی کے صدر حاجی عبدالمجید کا کہنا ہے کہ پاک افغان اسمگلنگ سے مقامی پیداوار متاثر ہورہی ہے۔وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ضیاء الحق سرحدی نے جیو نیوز کو بتایا کہ پاکستان کو ٹرانزٹ ٹریڈ سے نہیں بلکہ اسمگلنگ سے نقصان ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کو صرف راہ داری کی سہولت دی ہوئی ہے اور یہ تاثر درست نہیں کہ اس مد میں بھیجا جانے والا سامان پاکستان واپس آ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ خفیہ راستوں سے ہوتی ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔دوسری جانب کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی عبدالمجید نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ افغانستان سے الیکٹرانک مصنوعات سمیت بہت سی اشیا پاکستان آرہی ہیں جبکہ ان کی درآمدات پاکستان کے مقابلے میں 85 فی صد زائد ہے لیکن افغانستان کی معیشت پاکستان کا صرف 10 سے 15 فی صد ہے۔