5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سوات ،امن سیاحتی میلہ آج نویں روز بھی جاری،سیاحوں کی شرکت
جنگ نیوز -
سوات…سوات میں جاری امن سیاحتی میلہ آج نویں روز بھی جاری ہے جس میں مختلف پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔انتیس جون سے جاری سوات امن سیاحتی میلے کے نویں روز بھی مختلف پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں۔ یہ پروگرامز سیدو شریف کے گراسی گراؤنڈ اور کبل کے علاقے کانجو میں منعقد کئے جائیں گے۔ ان پروگرامز میں میں پتنگ بازی، کشتی رانی، گھڑ سواری ، سرکس اور صنعتی نمائش شامل ہے۔ سوات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ سیاحوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سوات امن سیاحتی میلے میں مقامی افراد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔سوات امن سیاحتی میلے کی تمام تقریبات پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہیں۔ان میں گھڑسواری، پتنگ بازی اور سرکس کے علاوہ کشتی رانی نمایاں ہے۔یہاں آنے والے سیاح کشتی رانی سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں،جبکہ پاک فوج کی جانب سے یہاں آنے والے تمام سیاحوں کے لئے کشتی رانی کا مفت انتظام کیا گیا ہے۔ایوب برج پر ہونے والے کشتی رانی کے پروگرام شام 5 بجے سے رات 8بجے تک جاری رہتے ہیں جس میں شرکت کے لئے مردوں کے علاوہ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد پہنچ جاتی ہے۔کشتی رانی کے علاوہ دریا کے کنارے بچوں کے لئے جھولے بھی بنائے گئے ہیں ۔