5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بلوچستان،لاپتہ افراد کے اہل خانہ کا پیاروں کی رہائی کیلئے احتجاج
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی رہائی کیلئے سراپا احتجاج ہیں،تپتی دھوپ میں کوئٹہ کی شاہراہوں پراحتجاج کرنے والے عدلیہ کو آخری امید قراردیتے ہیں۔سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دورحکومت میں بلوچستان سے لوگوں کے لاپتہ ہونے کاایک ایسا سلسلہ شروع ہوا جس پر موجودہ جمہوری حکومت بھی قابو نہیں پاسکی۔صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے روز لوگوں کے لاپتہ ہونے کی خبریں منظر عام پرآرہی ہیں۔لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔کوئٹہ کا پریس کلب ہو یا بلوچستان ہائی کورٹ لاپتہ افراد کے اہل خانہ اورسیاسی جماعتیں ان لاپتہ افراد کی رہائی کیلئے ہر جگہ صدا بلند کرتے نظر آتے ہیں۔ ’وائس فار مسنگ پرسنز‘ کے چیرمین نصراللہ بلوچ کا دعویٰ ہے کہ اس وقت بلوچستان سے 8ہزار سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں۔