5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی میں بارش کا سلسلہ جاری،ٹریفک اور ٹرینوں کا نظام متاثر
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . . . . کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ شہر کی بیشتر سڑکوں پر ٹریفک جام اور متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے کے باعث بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔سب سے زیادہ بارش شارع فیصل پر 43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔گورنر سندھ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں بارشوں کے پیش نظر فوری اقدامات کیے جائیں۔ کراچی میں مون سون سے قبل ہونے والی بارشوں کا سلسلہ گزشتہ دو دنوں سے جاری ہے۔آج دوپہرکو شروع ہونے والی شدید بارشوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔بارش ہوتے ہی بیشتر علاقوں مین بجلی غائب ہوگئی ۔ ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق شہر میں بارش کے دوران تیس فیڈرز ٹرپ ہوئے لیکن کوئی گرڈ اسٹیشن ٹرپ نہیں ہوا۔چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سب سے زیادہ بارش شارع فیصل پر 43 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر کے دیگر علاقوں ،لانڈھی میں 30 ملی میٹر،یونیورسٹی روڈ پر 28 ملی میٹر،ایئرپورٹ پر 27 ملی میٹر،پی اے ایف بیس مسرور پر 26 ملی میٹر جبکہ جیکب لائن میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اس موقع پرمقامی حکومتوں، کے ای ایس سی، حیسکو حکام، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے کے فوری اقدامات کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ بارش سے متاثر ہونے والے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی اور مراکز صحت کو فعال کرکے دواؤں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔