5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
حیدرآباد : حدود کی تبدیلی کا نوٹی فیکیشن واپس لیا جائے، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . .متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ کی جانب سے حیدرآباد کی تین یونین کونسل کو علیحدہ کرکے ضلع ٹنڈو محمد خان میں شامل کرنے کے نوٹی فیکیشن کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم ،حکومت کی اتحاد ی جماعت ہے اور ایم کیوایم ،حیدرآباد سمیت سندھ کے عوام کا واضح مینڈیٹ رکھتی ہے لیکن اس کے باوجود حیدرآباد کے عوام اور ان کی نمائندہ جماعت کی مرضی کے خلاف شہر کی جغرافیائی حدود کی تبدیلی کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا ہے جوکہ قابل مذمت ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ حیدرآباد کی جغرافیائی تبدیلی سے شہر کے عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے اور ایم کیوایم ، حیدرآباد کے عوام کی خواہشات کے خلاف کسی بھی فیصلے کو ہرگز قبول نہیں کرے گی ۔رابطہ کمیٹی نے صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد کی جغرافیائی حدود کی تبدیلی کا نوٹی فیکیشن فی الفور واپس لیا جائے، حیدرآباد کے عوام میں بے چینی پھیلانے کے ذمہ دارعناصر سے سخت بازپرس کی جائے اور اہم فیصلوں میں ایم کیوایم جیسی اتحادی جماعت کو نظرانداز کرنے کا سلسلہ بندکرایا ۔