5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ملک کو انارکی کی طرف دھکیلنے کی سازشیں ہورہی ہیں، فضل الرحمن
جنگ نیوز -
لاہور. . . . . . . .جمعیت علما ئے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک کو انارکی کی طرف دھکیلنے کی سازشیں ہو رہی ہیں اور عظیم روحانی بزرگ حضرت علی ہجویری کے مزار پر تخریب کاری اسی سازش کا حصہ ہے۔ وہ لاہورمیں جے یو آئی کے میڈیا سیل میں میڈیا کے نمائندوں سے ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں تمام مذہبی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان سازشوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہو چکی ہے اور صاحب اقتدار اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کابیج پرویز مشرف کے دور میں بویا گیا اور اس وقت کی پالیسیوں سے جان چھڑائے بغیر ملک کے حالات بہتر نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لئے بیرونی ہاتھ خارج ازامکان قرار نہیں دیا سکتا۔