5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
آٹے کی نقل و حمل پر پابندی، آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال
جنگ نیوز -
کراچی . . . آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اقبال داؤد کا کہنا ہے کہ سندھ سے بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی اٹھانے تک ہڑتال جاری رہے گی۔آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اقبال داؤد نے جیو نیوز سے بات چیت میں بتایا کہ جب تک پابندی نہیں اٹھائی جائے گی ملک بھر میں فلور ملز بند رہیں گے۔اقبال داؤد کا کہنا تھا کہ فلور ملز کو آٹا 26 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کیا جارہا ہے اور اگر صارفین تک آٹا مہنگے داموں میں فروخت ہورہا ہے تو یہ صوبائی اور شہری حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ آٹے کی قیمت کو کنٹرول کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پابندی کی ذمہ دار سندھ حکومت اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہیں۔پاکستانی آئین کے تحت پابندی نہیں لگائی جاسکتی اور نہ ہی حکومت پاکستان اس پابندی کی حمایت کر رہی ہے۔دوسری طرف خیبرپختونخوا میں بھی 150 فلورملز نے آٹے کی نقل وحمل پر پابندی کے خلاف ہڑتال کردی ہے ۔فلورملز ایسوسی ایشن خیبرپختونخواکے چیئرمین محمد نعیم بٹ نے جیو نیوز کو بتایا کہ صوبے کی فلورملز بھی آٹے کی نقل وحمل پر پابندی کے فیصلے کے خلاف احتجاجاً بند ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے فلورملز اور آٹے کی صنعت پہلے ہی تباہ حال ہے اور اب حالیہ فیصلے سے یہ صنعت مزید تباہی سے دوچار ہوجائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون میں آٹے اور گندم کی نقل وحمل پر کوئی پابندی نہیں تاہم راہداری کے نام پر افغان سرحد پر اور شہروں میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے اور آٹا برآمد کنندگان پولیس اور دوسرے حکومتی اہلکاروں کے ہاتھوں تنگ ہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ نقل وحمل پر پابندی ختم اور خیبرپختونخوا میں نقل وحمل کے دوران ہونے والی رشوت خوری بند کی جائے۔