5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بلوچستان میں بجلی کے بحران کا جلد خاتمہ جلد کر لیا جائے گا،راجہ پرویز
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میں بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس سے صوبے کو زائد بجلی دستیاب ہو گی۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم ریئسانی کے ساتھ ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں بلوچستان کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفاقی وزیر راجہ پرویز اشرف کو صوبے میں بجلی کے بحران، دہشت گردی کی کارروائیوں میں کھمبوں کی تباہی اور بجلی کی کمی سے کسانوں کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ دہشت گردی کی کارروایئوں میں تباہ شدہ کھمبے اگلے ایک ہفتے میں مرمت کر دیے جایئں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 220 کلو واٹ کی دو بڑی ٹراسمیشن لائنوں کی تعمیر جولائی 2011 میں مکمل ہو جائے گی جبکہ کوئٹہ میں 215 میگا واٹ کا ایک پاور سٹیشن بھی قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ صوبے میں بجلی کے بحران کا جلد خاتمہ کر لیا جائے گا۔