5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
امریکا میں رہائش پذیر نان امیگرینٹ میں بھارتی باشندے سرفہرست
جنگ نیوز -
واشنگٹن ہ ہ ہ سی ایم ڈی ہ ہ ہ امریکا کے ہوم لینڈ سیکورٹی ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ امریکا میں رہائش پذیر نان امیگرینٹ کی اکثریت براعظم ایشیا سے تعلق رکھتی ہے جبکہ ان میں اکثریت بھارتی باشندوں کی ہے اور سب سے زیادہ آبادی والی ریاست کیلی فورنیا میں سب سے زیادہ نان امیگرینٹ آباد ہیں۔ گزشتہ روز جاری رپورٹ کے مطابق 2008ء میں مجموعی طور پر 1.83ملین نان امیگرینٹ نے امریکا میں رہائش اختیار کی جن میں 4لاکھ بھارتی باشندے ہیں۔ کینیڈ ا اور جنوبی کوریادوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے جن کے بالترتیب ایک لاکھ50ہزار اور ایک لاکھ40ہزار باشندوں نے نان امیگرینٹ کی حیثیت سے امریکا میں رہائش اختیار کی۔رپورٹ میںیہ بھی بتایا گیا ہے کہ نان امیگرینٹ کی نصف سے زائد یعنی53فیصد تعداد ایشیائی باشندوں پر مشتمل ہے جن میں سے 22فیصد بھارتی،8فیصد جنوبی کوریائی،7فیصد چینی،6فیصد جاپانی اور 2فیصد تائیوانی باشندے شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یورپ اور شمالی امریکا کے 17، 17فیصد باشندے نان امیگرینٹ کی حیثیت سے امریکا میں سکونت اختیار کیے ہوئے ہیں جن میں سب سے زیادہ8فیصد کینیڈین اور7فیصد میکسیکن شہری ہیں۔بر اعظم کے لحاظ سے ایشیاء کے سب سے زیادہ9لاکھ70افراد امریکا میں نان امیگرینٹ کی حیثیت سے رہتے ہیںجبکہ 3لاکھ20ہزار کے ساتھ یورپ دوسرے، 3لاکھ10ہزار کے ساتھ شمالی امریکا تیسرے اور ایک لاکھ نان امیگرینٹ کے ساتھ جنوبی امریکا چوتھے نمبرپر ہے۔ نان امیگرینٹ کی 7 لاکھ10ہزار تعداد25سے 34سال عمر کے افرادپر مشتمل ہے جبکہ 18سے24سال عمر کے4لاکھ 70ہزار،35سے 44سال کے 2 لاکھ 90ہزار،18سال سے کم عمر ایک لاکھ90ہزار،45سال سے 54سال عمر کے ایک لاکھ 20 ہزاراور55سال یا اس سے زائد عمر کے نان امیگرینٹ کی تعداد50ہزار ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتا یا گیا ہے کہ نان امیگرینٹ کی اکثریت یعنی2لاکھ 80ہزارکی تعداد ریاست کیلی فورنیا میں رہتی ہے جبکہ نیویارک میں 2لاکھ 10ہزار اور ریاست ٹیکساس میں ایک لاکھ40ہزار نان امیگرینٹ باشندے آباد ہیں۔