تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

شب معراج،سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد کروایا جائے،ذوالفقار مرزا

جنگ نیوز -
کراچی . . . وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے پولیس کو احکامات دیے ہیں کہ شب معراج کے لیے اختیار کردہ سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد کروایا جائے،جس کے تحت صوبہ بھرکے تمام مزارات اور درگاہوں کے ساتھ ساتھ نماز جمعہ کے خصوصی موقع پر تمام مساجد ، امام بارگاہوں اور دیگرکھلے مقامات پر غیر معمولی حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کیپٹل سٹی پو لیس آفیسر کراچی، ریجنل پولیس افسران سکھر و حیدر آباد کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کے روز مزارات، درگاہوں پر زائرین کی کثیر تعداد آتی ہے لہٰذا متعلقہ ریجنز میں اس حوالے سے باقاعدہ فہرستوں کے تحت حفاظتی اقدامات کے لیے تمام ضلعی ، ٹاونز اور تھانہ جات کے افسران کو پابند کیا جائے۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ سیکیورٹی اقدامات جمعتہ المبارک، شب معراج کے خصوصی موقعوں پر تسلسل سے جاری رکھے جائیں اور صوبہ کے حساس مقامات کی تمام مساجد و امام بارگاہوں کے مرکزی راستوںپر واک تھرو گیٹ کی تنصیب سمیت بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کی تعیناتی کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں۔ علاوہ ازیں اس ضمن میں مساجد امام بارگاہوں کی انتظامیہ سے بعد از مشاورت رضاکاروں کی بھی متعلقہ پولیس کے ساتھ تعیناتی کے تمام تر عملی اقدامات کیے جائیں۔ وزیر داخلہ نے ہدایات دیں کہ دہشت گردی، تخریب کاری اور دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے انٹیلی جینس ادارے، اسپیشل برانچ، کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کریں اور اس حوالے سے معلومات کے تبادلوں کو ممکن بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی قبل از وقت روک تھام کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر موثر کنٹرول اور عوام الناس میں احساس تحفظ کی فراہمی کے لیے پولیس اپنے فرائض انتہائی مستعدی سے انجام دے اور موثر و نتیجہ خیزحکمت عملی کی بدولت تمام علاقوں میں سخت اسنیپ چیکنگ ،پیٹرولنگ اور پکٹنگ کے اقدامات کرتے ہوئے پولیس کی تعیناتی مزید بڑھائی جائے اور اس سلسلے میں پاکستان رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قریبی روابط رکھے جائیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.