تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

کسی کے حصے کا پانی مانگتے ہیں،نہ اپنا پانی دے سکتے ہیں،شہباز شریف

جنگ نیوز -
لاہور . . . وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب کسی کے حصے کا ایک بوند پانی بھی نہیں لے گا اور نہ ہی اپنے حصے کا پانی ناحق کسی کو دے گا۔پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ ایک آمر نے پاکستان کے دریاؤں کا پانی بیچا۔وہ تو قبر میں پہنچ چکا، لیکن نقصان پاکستان اور پنجاب کو پہنچا۔انہوں نے کہا کہ 1991 کے واٹر اکارڈ کا سہرہ نوازشریف کو جاتا ہے جنہوں نے افہام و تفہیم سے واٹر اکارڈ سائن کیاجس پر آج بھی صوبوں کو کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ کسی کے حصے کا پانی مانگتے ہیں اور نہ اپنا پانی کسی دے سکتے ہیں۔ شہباز شریف کا کہناتھا کہ این ایف سی میں بھی اپنا حق کم کرکے دیگر صوبوں کو دیا ہے، آئندہ بھی قربانی دیں گے، لیکن پانی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دیگر صوبوں نے پانی کے مسئلہ کے حل کے لئے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ایک آمر نے ارسا کی دھجیاں اڑا دیں جس سے مسائل پیدا ہوئے۔اس وقت کی کٹھ پتلی حکومت نے ارسا میں توڑ پھوڑ پر آمر سے کوئی بات نہیں کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پانی کے حوالے سے ایوان کی کمیٹی کو وزیراعظم کے پاس لے کر جائیں گے اور پنجاب کے کروڑوں عوام کے حق کا تحفظ کریں گے۔ پانی کی ایک بوند ناحق کسی سے لیں گے اور نہ کسی کو دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا کے حوالے سے گذشتہ روز بعض ارکان کے ریمارکس پر گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی کنٹری بیوشن کو بھلایا نہیں جاسکتا جس نے آمر کے دور میں کلمہ حق بلند کیا۔ وکلا کی تحریک اور سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کو میڈیا سے دنیا کو دکھایا۔لاہور ایوان سے گذارش ہے کہ میڈیا کے ساتھ بیٹھ کر ضابطہ اخلاق طے کیا جاسکتا ہے۔اس سے قبل سینئر وزیر راجا ریاض نے کہا کہ ارسا میں وفاق کے نمائندگی کے لئے اسلام آباد یا کشمیر سے کسی کا انتخاب کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ چشمہ جہلم لنک کینال کھلی رہے گی اب اسے بند نہیں ہونے دیں گے۔سینئرصوبائی مشیرسردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ پنجاب نے کبھی ایک کیوسک فالتو پانی نہیں لیا،لیکن ارسا کے دو ممبران نے اس وجہ سے استعفے دیئے کہ پنجاب نے معاہدے کے مطابق پانی کا اپنا حصہ مانگا۔ پنجاب نے اپنے حصے سے زیادہ پانی نہیں مانگا اگر کوئی استعفیٰ دیتا ہے تو دیتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ارسا کے نام نہاد ممبران پنجاب کی 45لاکھ ایکڑ زمین ویران کرنا چاہتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.