5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
لوڈ شیڈنگ،کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال
جنگ نیوز -
کوئٹہ…بلوچستان میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف پشتونخواملی عوامی پارٹی کی اپیل پر کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں شٹرڈاون ہڑتال کی جارہی ہے۔بلوچستان میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اوراس سے زراعت کی تباہی کے خلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے پانچ روزقبل کوئٹہ سمیت صوبے کے پشتون علاقوں میں شٹرڈاون ہڑتال کی اپیل کی تھی جس پرآج کوئٹہ میں ہڑتال کی جارہی ہے۔ شہر کے اہم تجارتی مراکز اور بازار بند ہیں جبکہ ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔ شٹرڈاون ہڑتال کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں، پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری شہر میں اہم مقامات اور شاہراہوں پر تعینات کی گئی ہے تاہم شہر کے اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے بدستور کھلے ہوئے ہیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کی اپیل پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف ژوب،لورالائی،دکی، ہرنائی،پشین اور زیارت میں بھی شٹر ڈاون ہڑتال کی جارہی ہے۔