5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
اورکزئی ایجنسی،سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں10شدت پسند ہلاک
جنگ نیوز -
پشاور…اورکزئی ایجنسی میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فورسز کی کارروائی میں اہم کمانڈر سمیت 10شدت پسند ہلاک، متعدد زخمی جبکہ ان کے 6 ٹھکانے تباہ ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اپر اورکزئی کے علاقے نندر میلہ اور ملحقہ علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 6 ٹھکانے تباہ اور ان میں موجود 10شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ہلاک ہونے والوں میں اہم شدت پسند کمانڈر وسیع الرحمان بھی شامل ہے۔اورکزئی ایجسنی میں گزشتہ تین ماہ سے شدت پسندوں کے خلاف فورسز کا آپریشن جاری ہے جس میں اب تک 1500سے زائد شدت پسند ہلاک جب کہ ان کے 170سے زائد ٹھکانے تباہ کیے جا چکے ہیں۔