5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
فیفا،درست پیش گوئیاں کرنے والے آکٹوپس کو موت کی دھمکیاں
جنگ نیوز -
برلن…فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جرمنی کی شکست کی درست پیش گوئی کرنے والے آکٹوپس پال کوموت کی دھمکیاں ملنے لگیں۔آٹھ ٹانگوں والا آکٹوپس خود تو فٹبال کوکک نہیں لگاسکتا تاہم فیفا ورلڈ کپ فٹبال کے میچوں میں جیتنے والی ٹیم کی نشاندہی کرسکتا ہے۔ورلڈ کپ کے سیمی فائنلزسمیت اب تک کے چھ میچوں کے بارے میں پال کی پیش گوئی سو فیصد درست ثابت ہوچکی ہے۔کوراٹر فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں ارجنٹائن کی شکست اورسیمی فائنل میں جرمنی کے مقابلے میں اسپین کی فتح کی پیش گوئی سچ ثابت ہونے کے بعد اسے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس پر قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ گوگل ،فیس بک اور ٹوئٹر پر آکٹوپس پال کو مارنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ارجنٹائن کے ایک شیف نے اسے مارنے،جرمن باشندوں نے اسے گارلک بٹر کے ساتھ فرائی کرکے کھانے اورابلتے پانی میں پھینکنے کی دھمکیاں دی ہیں۔سیمی فائنل کے دوران جرمن اینٹی آکٹوپس گیت گاتے رہے۔آکٹوپس پال برطانیہ میں پیدا ہوا تھا اور اسے مغربی جرمنی میں اوبرہاؤسن کے ایک ایکوریم میں رکھا گیا ہے۔