5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
شکار پور،قبائلی تصادم میں ہلاک شدگان کی تعداد19ہو گئی،متعدد زخمی
جنگ نیوز -
شکارپور…شکارپور میں زرعی اراضی کے تنازعے پر مگسی اور قمبرانی قبائل کے دو گروپوں میں مسلح تصادم کے دوران ہلاک شدگان کی تعداد 19ہو گئی جب کہ متعدد دیگر زخمی ہیں۔پولیس کے مطابق تحصیل گڑھی یاسین کے علاقے کیرتھر میں دو سو ایکڑ زرعی اراضی کے تنازع پر مگسی اور قمبرانی قبائل کے دو گروپوں میں مسلح تصادم کے دوران دونوں جانب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد19 جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں 11 کا تعلق مگسی اور 8 کا قمبرانی قبیلے سے ہے۔قبائیلی تصادم میں ہلاک ہونے والے مگسی قبیلے کے 7 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔دونوں قبائل کے مسلح افراد میں 18 گھنٹے گزرنے کے باوجود وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق شام سے شروع ہونے والا فائرنگ کا تبادلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے اور پولیس بھی جائے وقوعہ پر جانے سے گریزاں ہے۔ڈی پی او شکارپور فیض احمد کوریجو کے مطابق جائے وقوعہ پر رینجرز کے دستے پہنچ گئے ہیں جبکہ ڈی آئی جی لاڑکانہ ثناُ اللہ عباسی نے بتایا کہ شکارپور کے علاوہ لاڑکانہ اور جیکب آباد کی پولیس نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔دونوں قبائل میں چند ماہ قبل زرعی اراضی کے قبضے پر تصادم شروع ہوا تھا۔