5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
شب معراج،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت اقدامات کی ہدایت
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی شب معراج آج نہایت مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔اس حوالے سے صوبائی وزیر داخلہ کی جانب سے پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شب معرا ج کے موقع شہر بھر کی مساجد پر چراغاں کیا جائیگا جبکہ مساجد کے علاوہ محلوں اور گھروں پر ذکر و ازکار کی محافل کے علاوہ حمد و نعت کی محافل منعقد کی جائیں گی اور معراج المصطفیﷺکی اہمیت پر روشنی ڈالی جائے گی۔ شب معراج النبی ﷺ کا مرکزی اجتماع میمن مسجد مصلح الدین گارڈن (کھوڑی گارڈن) میں بعد نماز عشاء منعقد ہوگا۔ علامہ سید شاہ تراب الحق قادری خطاب کریں گے۔نماز جمعہ اور شب معراج کے موقع پر صوبائی وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کراچی سمیت صوبہ بھر میں پولیس حکام کوحفاظتی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ متعلقہ ریجنز میں اس حوالے سے باقاعدہ فہرستوں کے تحت حفاظتی اقدامات کے لیے تمام ضلعی ، ٹاونز اور تھانہ جات کے افسران کو پابند کیا جائے اورسیکورٹی اقدامات جمعتہ المبارک، شب معراج کے خصوصی موقعوں پر تسلسل سے جاری رکھے جائیں اور صوبہ کے حساس مقامات کی تمام مساجد امام و بارگاہوں کے مرکزی راستوں پر واک تھرو گیٹ کی تنصیب سمیت بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کی تعیناتی کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں۔اس ضمن میں مساجد امام بارگاہوں کی انتظامیہ سے بعد از مشاورت رضاکاروں کی بھی متعلقہ پولیس کے ساتھ تعیناتی کے تمام تر عملی اقدامات کیے جائیں اور عوام الناس میں احساس تحفظ کی فراہمی کے لیے پولیس اپنے فرائض انتہائی مستعدی سے انجام دے اور موثر و نتیجہ خیزحکمت عملی کی بدولت تمام علاقوں میں سخت اسنیپ چیکنگ ،پیٹرولنگ اور پکٹنگ کے اقدامات کرتے ہوئے پولیس کی تعیناتی مزید بڑھائی جائے اور اس سلسلے میں پاکستان رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قریبی روابط رکھے جائیں۔