5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
برطانیہ،عدالت میں تین شہری خودکش حملوں کی سازش کے مجرم قرار
جنگ نیوز -
لندن… برطانیہ کی ایک عدالت میں تین برطانوی شہریوں کو خودکش حملوں کی سازش کا مجرم قرار دے دیاگیا۔مشرقی لندن کے وول وچ کراؤن کورٹ کی جیوری نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ابراہیم ساونت،عرفات وحیدخان اور وحید زمان امریکی طیاروں کو فضا میں تباہ کرنا چاہتے تھے جس کے لیے انھوں نے سوفٹ ڈرنکس کی بوتلوں میں بم بنانے والا مائع اسمگل کرنے کی سازش کی۔ملزمان پر اس سے پہلے2008 اور2009 میں مقدمہ چلا تھا، تاہم وہ بری کردیے گئے تھے، لیکن منصوبے کے ماسٹر مائنڈ کے اعتراف جرم کے بعد ان افرادکے مقدمے کی تیسری سماعت ہوئی جس میں جیوری نے ان کے اس بیان کو مستردکردیا کے انھوں نے محض پبلسٹی حاصل کرنے کے لیے ایسا کیا تھا۔جیوری کا کہنا ہے کہ اگر ان کا منصوبہ کامیاب ہوجاتا توبڑے پیمانے پر تباہی پھیلتی۔تینوں مجرموں کو آج عمر قید کی سزا سنائی جائے گی۔اس منصوبے کے ماسٹرمائنڈ عبداللہ احمد علی کو گزشتہ سال ستمبر میں گرفتار کیا گیا تھا اوروہ عمر قید کی سزاکاٹ رہا ہے۔