5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پانی کے مسئلے پرشہباز شریف وزیر اعظم سے ملیں گے،رانا ثناء اللہ
جنگ نیوز -
لاہور . . . پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف پانی کے مسئلے پر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کریں گے ۔صوبائی وزیر قانون کا کہنا ہے کہ ارساکے معاملے کو مشترکہ مفادات کی کونسل میں لے جایاجائے گا ۔ اس سے پہلے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر اعظم کو خط لکھا ہے جس میں انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کی جانب سے چشمہ جہلم لنک کینال کھولنے کے فیصلے پر سندھ کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا اظہار کیا گیا تھا۔ سید قائم علی شاہ نے اس فیصلے کو سندھ کے عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے خط میں لکھا ہے کہ سندھ میں پانی کی شدید کمی ہے ۔ ایسے میں چشمہ جہلم لنک کینال کھولنے سے صوبے میں پانی کی مزید کمی ہوگی اور زراعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ ذرائع کے مطابق خط میں وزیر اعظم سے ارسا کافیصلہ واپس لینے کی درخواست کی گئی ہے اور ایسا نہ ہونے کی صورت میں عوامی ردعمل کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب دوسرے صوبوں کے حصے کا پانی نہیں لے گا لیکن اپنے حصے کا پانی بھی کسی کو لینے نہیں دے گا۔پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پانی کے مسئلے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔