5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ڈیرہ غازہ خان،قبائلی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی برقرار
جنگ نیوز -
ڈیرہ غازہ خان . . . ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف کی سنگڑ ندی اور ٹرائبل ایریا کے ندی نالوں میں بدستور طغیانی ہے جس سے ٹرائبل ایریا کا آج چوتھے روز بھی زمینی رابطہ منقطع ہے۔تونسہ شریف کے سنگڑ ندی میں بدستور طغیانی ہے تاہم پہلے کی نسبت پانی کی سطح میں کمی واقع ہورہی ہے۔ دوسری طرف ٹرائبل ایریا کے لینڑی لہڑ ندی اور درگ لہڑ ندی میں بھی پانی کی سطح میں بتدریج کمی ہورہی ہے تاہم آج چوتھے روز بھی قبائلی علاقے فاضلہ کچھ اور دیگر کئی علاقوں کا زمینی رابطہ بدستور منقطع ہے۔دوسری طرف ڈی سی او ڈی جی خان افتخار سہو کا کہنا ہے کہ کوہ سلیمان میں بارشوں کا سلسلہ رک گیا ہے جس سے چند ہی روز میں ندی نالوں میں طغیانی خود بخود ختم ہوجائے گی تاہم سیلابی پانی آبادیوں میں داخل ہونے کی صورت میں متعلقہ عملے کو الرٹ کررکھا ہے۔ واضح رہے کہ تونسہ اور مظفر گڑھ میں سیلاب سے متاثرہ افرادکو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ادھر ضلع لیہ میں بھی دریائے سندھ میں آنے والے سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں میں ریلف کیمپ نہ ہونے کی وجہ سے متاثرین کو مسائل کا سامنا ہے۔ضلع مظفرگڑھ میں دائرہ دین پناہ کے علاقہ میں محکمہ صحت اور سول ڈیفنس نے 2 ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں۔