5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بیرون ملک سے میڈیکل کی جعلی تعلیمی ڈگریاں لینے کا انکشاف
جنگ نیوز -
کراچی . . . بیرون ملک سے میڈیکل کی جعلی ڈگریوں کے اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایف آئی اے کو کارروائی کا خط لکھ دیا۔جیو نیوز کے نمائندے خرم ملک کو موصول دستاویز کے مطابق پی ایم ڈی سی نے بیرون ملک سے 26 جعلی میڈیکل ڈگریوں سے متعلق ایف آئی اے کرائم سرکل کو خط لکھا ہے جس میں ان افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ خط کے ساتھ ان افراد کی فہرست بھی ایف آئی اے کو بھجوائی گئی ہے۔ ان ڈگریوں میں 19کرغستان،3 افغانستان،دو روس اور ایک ایک ڈگری قازقستان اور فلپائن سے حاصل کی گئی ہے۔جعلی ڈگری حاصل کرنے والوں میں تین خواتین اور 23مرد شامل ہیں۔ یہ ڈگریاں 2001 سے 2008 کے عرصے میں حاصل کی گئیں۔ پی ایم ڈی سی نے ایف آئی اے کو خط میں لکھا ہے کہ معاملے کی مزید چھان بین کے بعد ان جعلسازوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔