5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پنجاب اسمبلی میں میڈیا کے خلاف قرار داد منظور
جنگ نیوز -
لاہور . . . پنجاب اسمبلی نے آج متفقہ طور پر میڈیا کے خلاف قرار داد مذمت منظور کی ہے،صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے قرارداد کی کاپیاں نذر آتش کیں اور وزیراعلیٰ شہبازشریف اور دیگر ارکان اسمبلی کے سامنے شدید نعرے بازی کی۔اس موقع پر صحافیوں اور ایم پی ایز میں دھکم پیل بھی ہوئی۔پنجاب اسمبلی کے اسپیکررانا اقبال نے رولز معطل کرکے مسلم لیگ ن کے ثنا اللہ مستی خیل کو میڈیا کے خلاف قرار داد پیش کرنے کی اجازت دی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔قرارداد میں کہاگیا کہ ذرائع ابلاغ کے ایک حصے کی طرف سے جمہوری اداروں، سیاسی رہ نماؤں اور عوامی نمائندوں کے خلاف پروپیگنڈے پر ایوان کوشدید تشویش ہے۔میڈیا کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا گیا کہ سیاسی رہنماؤں کے خلاف توہین آمیز پروگرام پیش کرنے سے احترازکیا جائے۔ چینلز پر خواتین ارکان کی فوٹیج پر انڈین گانے لگانے کو بھی قابل مذمت قرار دیا گیا۔قرار داد میں جمہوریت کے لیے میڈیا کی خدمات کا اعتراف بھی کیا گیا اوریہ تجویز دی گئی کہ اسمبلی اور میڈیا کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس سلسلے میں سفارشات پیش کرے۔قرارداد کی منظوری کے وقت صحافیوں نے پریس گیلری سے واک آؤٹ کردیا اور اسمبلی ہال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے قرار داد کی کاپیاں نذر آتش کیں۔ اس دوران وزیراعلیٰ شہباز شریف اور دیگر ایم پی ایز جب اسمبلی ہال سے باہر نکلے تو صحافیوں نے ان کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔