5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مہمند ایجنسی خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد56ہو گئی،104زخمی
جنگ نیوز -
پشاور . . . مہمند ایجنسی میں خودکش دھماکے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد56 ہوگئی ہے جب کہ 104افراد زخمی ہیں، دھماکے سے یکہ غنڈ جیل کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا اور کئی قیدی فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل یکہ غنڈ میں خودکش حملہ ساڑھے نو بجے کیا گیا۔ حملہ آور نے پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر کے باہر خود کو دھماکے سے اڑا دیا ۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں اور یکہ غنڈ جیل کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال شب قدر پہنچایا گیا ۔ قریبی عمارتوں کے ملبے سے بھی لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت دفتر کے باہر کافی رش تھا اور سو سے ڈیڑھ سو افراد موجود تھے ۔ پولیٹکل ایجنٹ امجد علی خان نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکے میں56افراد جاں بحق اور104دیگر زخمی ہوئے۔ مرنے والوں میں خاصہ دار فورس کے چار اہل کار بھی شامل ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے یکہ غنڈ جیل کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا جس کا فائدہ اٹھاکر کئی قیدی فرار ہوگئے ۔ چار لاشوں اور 65 زخمیوں کو سول اسپتال شب قدر میں ابتدائی طبی امداد کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کردیا گیا ۔ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر رحیم جان آفریدی کے مطابق چار جاں بحق افراد میں ایک خاتون ، ایک بچہ اور دو مرد شامل ہیں۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر رحیم کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئی ہیں جبکہ 65 سے زیادہ زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور اسپتال کے تمام عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید زخمیوں کو مختلف وارڈز میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ معمولی نوعیت کی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کیا جاچکا ہے۔