5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
میڈیاکے خلاف قرارداد آزادی صحافت پر حملہ ہے، ایم کیو ایم
جنگ نیوز -
لندن . . . متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پنجاب اسمبلی میں پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیاکے خلاف قراردادکی منظوری اورصحافیوں پرتشددکی پرذورالفاظ میں مذمت کی ہے اوراس واقعہ کو آزادیء صحافت پر کھلااوراعلانیہ حملہ قراردیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پنجاب اسمبلی میں دو روزقبل بھی پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیاکومغلظات بکی گئیں اور آج بھی پنجاب اسمبلی میں پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیاکے خلاف جو قرارداد منظور ہوئی ہے اورپنجاب اسمبلی کے ارکان کی جانب سے پرامن احتجاج کرنے والے صحافیوں کو جس طرح زدوکوب کیاگیا ، جو بہیمانہ سلوک روا رکھا گیا وہ نہ صرف انتہائی افسوسناک عمل ہے بلکہ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ واقعہ آزادی صحافت پر کھلااوراعلانیہ حملہ ہے ، ایم کیوایم اس کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے اورصحافی برادری سے مکمل یکجہتی اورہمدردی کااظہار کرتی ہے۔رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ میڈیاکے خلاف پنجاب اسمبلی میں منظورکی گئی قراردادفی الفورواپس لی جائے اورارکان اسمبلی کی جانب سے صحافیوں کو زدوکوب کئے جانے اور مغلظات دیئے جانے پرصحافیوں سے معافی مانگی جائے۔