5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
چین کے تعاون سے سندھ کے ساحلی علاقوں میں ونڈ ٹربائنز کی تنصیب
جنگ نیوز -
بیجنگ . . . پاکستان اورچین نے صحت ، بجلی کی پیداوار اور مواصلات کے شعبوں میں مفاہمت کی چار یاد داشتوں پر دستخط کردیئے ہیں ۔ سمجھوتوں کے تحت گلگت بلتستان میں دو بڑی شاہراہیں تعمیر کی جائیں گی اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں 500 میگا واٹ بجلی کی پیداوار کا منصوبہ شروع کیا جائے گا ۔یاد داشتوں پر دست خط بیجنگ میں پاک چائنا اقتصادی تعاون فورم سے صدر آصف علی زرداری کے خطاب کے بعد کئے گئے ۔ مفاہمت کی ایک یاد داشت کے تحت گلگت بلتستان میں جگلوٹ سے اسکردو تک 165 کلو میٹر اور تھاکوٹ سے سازین تک 135 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جائیں گی ۔ اس منصوبے پر 45 ارب روپے لاگت آئے گی ۔ اس میں سے پندرہ فیصد رقم پاکستان دے گا اور پچاسی فیصد سرمایہ کاری چین کرے گا ۔ ایک اور یاد داشت کے تحت کراچی اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں ونڈ ٹربائنز لگائی جائیں گی جن سے پانچ سو میگا واٹ بجلی کی پیداوار ہوگی ۔ اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ ایک ارب ڈالر ہے ۔ چین اور ناروے کی کمپنیاں اس منصوبے کو کم سے کم مدت میں مکمل کریں گی ۔ صدر آصف زرداری نے اقتصادی تعاون فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان مزید اقتصادی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے چینی کمپنیوں سے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔ صدر زرداری کا کہنا ہے کہ سول ایٹمی تعاون کا معاہدہ پاکستان اور چین کے تعلقات کی گہرائی اور استحکام کو ظاہر کرتا ہے ۔ عالمی اعتراضا ت کے باوجود چین نے جس طرح اپنے موقف کا اظہارکیا وہ پاکستان کے لئے احترام اور استحکام کا سبب ہے۔